محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کیجانب سے اظہار یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد

October 26, 2019

محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کیجانب سے اظہار یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد
پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق مہندرا پال سنگھ اور دیگر مذہبی رہنماﺅں کی شرکت
 لاہور25 اکتوبر.... وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اعلان کے بعد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے ملک بھر میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ کشمیریوں کو پیغام دیا جا سکے کہ تمام پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی عوام بھی آزاد فضاءمیں سانس لے سکے گی۔اسی ضمن میں لاہور میں بھی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق مہندرا پال سنگھ کی سربراہی میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا ، جس میںسیکرٹر ی انسانی حقوق طارق محمود، محکمہ انسانی حقوق کے نمائندگان،مختلف مذاہب کی قیادت اور مسیحی برادری کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کا آغاز سہ پہر 04:00بجے کیا گیا جو کہ نیشنل ٹاور ایجرٹن روڈ سے شروع ہوکر لاہور پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں پاکستانی پرچموں کی بہار نظر آرہی تھی اور ایک ہی نعرہ گونج رہا تھا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مہندرا پال سنگھ نے کہا کہ آج کے روز تمام پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے سڑکوں پر موجود ہے تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑی بے رحمی کے ساتھ انسانیت کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور کشمیریوں کو احساس دلا رہے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم معصوم و نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں خطرناک حد تک بڑ ھ چکی ہیں اور83روز سے کرفیو لگاکر مقبوضہ کشمیر میں سنگین ترین صورتحال قائم کی جا چکی ہے بلکہ یہ کہنا بے جا نا ہوگا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے ۔