To organized a walk about Black Day in District Sahiwal

October 27, 2019

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد فاروق اکمل نے کہا ہے کہ جب مصمم ارادوں اور بلندحوصلوں کے ساتھ قوم کا بچہ بچہ جذبہ قربانی سے آشنا ہو تو آزادی کی تحریکوں کو کامیابی کی منزل سے زیادہ دیر دور نہیں رکھا جاسکتا،آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ کے خلاف شروع ہونے والی تحریک آزادی کی نئی لہر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے جس کی شدت میں ہر آنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اوروہ وقت دور نہیں جب بھارت نہ صرف پوری دنیا بھر میں رسوا ہوگا بلکہ کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سر اٹھا کر جئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں یوم کشمیر کی مناسبت سے بھارتی جبر و ظلم کے خلاف منعقدہ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اے ڈی سی فنانس محمد فاروق صادق،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالدنذیر،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی،سی ای او ایجوکیشن سجاد اسلم ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ثمرین کوثر،چیئر مین پی ایچ اے چوہدری علی شکور ،ضلعی شکایت سیل کے انچارج شیخ محمد چوہان،ڈپٹی ڈائریکٹر لیبرسید حیدر شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان کے علاوہ شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مختلف لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اوربھارت اور عالمی دنیا کو نوشتہ دیوار پڑھ کر اب یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کشمیر کے آتش فشاں کو سرد کرنے کے لئے کشمیریوں کو آزادی دینی ہے یا طاقت کے زور پر اس تحریک کو کچل کر عالمی امن کو خطرے سے دوچار کرنا ہے ۔ آج نہ صرف یہ کہ پوری دنیا مقبوضہ کشمیر کی طرف متوجہ ہو رہی ہے بلکہ کشمیر کے ہر طبقے کے اندر یہ احساس فزوں تر ہو رہا ہے کہ اگر اس نے یہ موقع ضائع کر دیا تو پھر شائد آزادی کی صبح بہت دیر تک طلوع نہ ہو۔ اے ڈی سی فنانس محمد فاروق صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کے موجودہ احتجاجی مظاہروں نے پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے اور کشمیری نوجوانوں نے یہ ثابت کردیا ہے آج کے دور میں کسی قوم کو بزور شمشیر زیر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں اور عوام نے حیرت انگیز اور غیرمعمولی مزاحمت کا مظاہرہ کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ اب یہ احتجاجی مظاہرے کسی طور بھی اپنے منطقی انجام تک پہنچے بغیر نہیں رکیں گے۔انہوں نے زور دیا کہ تمام مذہبی،سیاسی اور تنظیمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں تا کہ تحریک آزادی کشمیر مزید مضبوط اور مستحکم ہو تاکہ کشمیری عوام بھی جان لیں کہ پاکستان کا ہر بچہ،نوجوان اور بوڑھا کشمیر کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ قبل ازیں ضلع کونسل سے شروع ہونیوالی ریلی میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جو ڈی سی آفس میں اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی میں شامل خواتین ،مرد وں اور طلباءو طالبات نے غاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔