A rally was arranged by the district Bahawalpur to express solidarity with Kashmiri brethrens

October 27, 2019

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ بہاول پور کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیریوں سے والہانہ اظہار یکجہتی اور بھارت کے ظلم وبربریت کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس سے فرید گیٹ بہاول پور تک ایک احتجاجی اجتماعی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، محکمہ ریونیو، ڈپٹی کمشنر آفس، کمشنر آفس ودیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان، عمائدین شہر، انجمن تاجران کے نمائندے واہم شخصیات شریک تھیں۔احتجاجی ریلی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ عوام کو کسی بھی دشواری یا مشکل سے بچانے کے لئے ٹریفک کے متبادل روٹس بنائے گئے تھے اور عوامی رہنمائی کے لئے خصوصی طور پر ٹریفک وارڈنز اہم مقامات پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے احتجاجی ریلی کے شرکاء کے لئے فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ڈولفن فورس کے جوان ریلی کے اطراف میں ریلی کو سیکورٹی کور فراہم کرتے رہے۔ ریلی میں سرکاری ملازمین و افسران کی کثیر تعداد موجود تھی جو پرامن طور پر اقوام عالم کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز تھام رکھے تھے جن میں کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔