District Government Muzafarghar organized a rally to express solidarity with Kashmiris

October 27, 2019

ملک بھر کی طرح مظفرگڑھ میں بھی 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایاگیا، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس مظفرگڑھ سے کشمیر چوک (چوک کچہری) تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ کمشنر علی پور محمد عامر، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی زریاب ساجد، ایس پی انوسٹی گیشن سجاد، ڈی ایس پی عظمت اللہ نیازی، سی ای او صحت ڈاکٹر ضیاء الرحمن، سی ای او تعلیم مسعود ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ یوسف الرحمن، اے ڈی ایل جی محمد احمد، ڈی او ریسکیو 1122ڈاکٹر ارشاد الحق،ملک جاوید اختر، شیخ عامر سلیم، سردار غلام رضا چانڈیہ، سمیت سول سوسائٹی، ہیومن رائٹس، انجمن تاجران، ٹیچر یونین، ایپکا کے نمائندگان اور عہدیدار، سرکاری ملازمین، طلباء، اساتذہ اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے بینر اور کارڈ اٹھارکھے تھے اور کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے لگا رہے تھے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ بھارت سرکار جموں کشمیر میں 72سالوں سے انسانی حقوق کی پامالی اور 80لاکھ انسانوں کی تذلیل کررہی ہے، جس پر تمام مہذب اقوام بشمول برطانیہ اور امریکہ بھر پور مذمت کررہی ہیں، جو بھارت سرکار کے لئے شرمناک ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ سب سے بڑی ناکامی ہے کہ وہ 72سالوں میں جموں کشمیر کے مسئلہ کو دبا نہ سکا اوریہ ہماری کامیابی ہے کہ ہم نے 72سالوں سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے اور عالمی برادری میں اس مسئلہ کو اجاگر کیا ہے اور کشمیرکی آزادی تک اس کو اجاگر کرتے رہیں گے۔قبل ازیں ریلی سے رانا محمد افضل، ریاض حسین اور امیر حسن نے اپنے اپنے خطاب میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ 72سالوں جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،82روز سے 80لاکھ انسانوں کو قیدی بنایا ہوا ہے جن کی عزت و آبرو، جان و مال محفوظ نہیں، انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری ہندوستان سے معاشی بائیکاٹ کردے تو کشمیرکو آزادی مل سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمت نہیں ہارنی اور کشمیر کی آزادی تک ہم متحد ہو کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔