District Administration Lodhran has been organizing Kashmir Rally

January 05, 2020

ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے غوثیہ چوک سے کانجو ہال چوک تک ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیرپر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی ریلی کا انعقاد کیا گیاتھا۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید عباس شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین نائچ، چیف آفیسر مونسپل کمیٹی لودھراں سعید احمد، رہنما پاکستان تحریک انصاف طاہر امیر خان غوری سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔احتجاجی ریلی میں سرکاری محکمہ جات کے افسران اور ملازمین کا جوش بھی دیدنی تھا۔ریلی میں شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں شدیدنعرہ بازی کی۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق میں جو قرارداد منظور کی تھی اُس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔شرکاء نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کو 71 سال ہوچکے ہیں جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ریلی میں شہر کی تاجر برادری سیاسی و سماجی شخصیات اور عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرو جیسے نعرے لگاتے رہے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعروں سے شہر کی فضاء گونج اٹھی، مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور نہتے کشمیریوں پر انڈیا کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، مظاہرین نے نہتے کشمیریوں پر انڈین فوج کے بڑھتے ہوئے انسانیت سوز مظالم اور قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک جمیل ظفر کی ہدایت پر سکیورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔