Commissioner Sahiwal chair meeting regarding arrangement about kashmir solidarity day in their division.

February 01, 2020

کمشنر ساہیوال ڈویژن محمد احسن وحید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی ،خود مختاری اور معاشی تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں جن کی حمایت پاکستانی قوم کے ہر مرد و زن پر فرض ہے اور ہمیں چاہیے کہ اس جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اوربہنوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں ،5فروری یوم یکجہتی کمشیر کا دن اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور بھارتی استبدادکے خلاف اقوام عالم کے ضمیر کو جگانے کی کوششیں جاری رکھیں گے -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ساہیوال ڈویژن میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ عثمان علی ،ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈینیشن ایس ڈی خالد ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی ،ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ،ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن سجاد اسلم ،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علمدار حسین شاہ ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر اکبر مراد اور اے ڈی سی جنرل فارو ق اکمل نے بھی شرکت کی -انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کریں اور دنیا کو یہ واضح پیغام دیں کہ پاکستان کا ہر بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہے -اجلاس میں 5فروری تک منعقد کئے جانے والے پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان کی حتمی منظوری دی گئی -کمشنر محمد احسن وحید نے ڈویژن کے تمام شہروں اور قصبات میں کشمیر کی آزادی سے متعلق سٹیمرز اور بینرز لگانے ،سکولوں میں آرٹ اور تقاریر کے مقابلے کرانے ،کھیلوں کے مقابلے ،دستاویزی فلموں کی نمائش اور ریلیو ں کا انعقاد کرنےکی ہدایت بھی کی اور کہا کہ ان پروگراموں میں ہر مکتبہ فکر کے افراد کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔