ملک بھر کی طرح کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ضلع بھرکے سکولوں ،کالجوں میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

February 05, 2020

ملک بھر کی طرح کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ضلع بھر کے دیہاتوں،قصبوں اور تحصیلوں میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں میں ضلع بھر کے سرکاری و پرائیویٹ محکموں کے افسران و ملازمین، سول سوسائٹی کے نمائندے، سکولز و کالجز کے طلباءو طالبات کی ہزاروں کی تعداد کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلیوں کے شرکاءنے مختلف کتبے اور بینر ز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلیوں میں شریک لوگ بار بار کشمیر بنے گا پاکستان، بھارتی مظالم نامنظور کے نعرے لگاتے رہے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر کشمیر ایک متازعہ علاقہ ڈکلیئر کیا گیا ہے۔ مودی حکومت نے آرٹیکل370، اور 35اے کو ختم کرکے کشمیریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور ان کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کی ہے عالمی برادری کو مذکورہ واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے، بھارت کی طرف سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے یکطرفہ فیصلے سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ان خیالات کاا ظہار ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز علی حیدر ڈوگر نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بچیکی میں یوم کشمیر کے حوالے سے نکالی گئی طالبات کی ریلی کے دوران کیا۔ڈپٹی ڈائریکڑ کالجز علی حیدر ڈوگر نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر شخص افواج پاکستان اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور اپنے خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کی جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور کسی قیمت پر بھی بھارت کو قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا وہ دن دور نہیں جس دن پوری پاکستانی قوم کشمیرکی آزادی کا جشن منائے گی انہوں نے پاکستان زندہ باد اور مودی کا جو یار ہے وہ قوم کا غدار ہے کے بھی نعرے لگائے۔