حافظ آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ایک بڑی کشمیر ریلی نکالی گئی

February 05, 2020

حافظ آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ایک بڑی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا،ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی،ڈی پی او بلال افتخار اور چودھری فاروق جعفر تارڑ نے کی۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عدنان ارشاد چیمہ،اے ڈی سی جنرل نعیم اللہ بھٹی،اے ڈی سی فنانس حامد ناصر،اسسٹنٹ کمشنر طیب طاہر،چودھری سکندر نواز بھٹی سمیت محکمہ تعلیم،صحت،لائیو سٹاک،ریسکیو 1122،سپورٹس،پاپولیشن ویلفیئر،کالجز،سوشل ویلفیئر،پولیس دیگر سرکاری افسران،اساتذہ،طلباء،سیاسی،سماجی تنظیموں کے نمائندوں،اور شہریوں کی بڑی تعدادا نے شرکت کی۔جناح چوک سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس بائی پاس تک طلباء نے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی۔شرکاء ریلی نے بینرز،پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باز،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر،ایم این اے،ڈی پی او و دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے آج ملی جوش و جذبہ سے ثابت کیا کہ وہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انکی آزادی تک اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے انکا کہنا تھا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت کشمیر ی مسلمانوں پر ظلم و بر بریت کر رہا ہے،بھارت نے 6ماہ سے کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے عوام کا جینا مشکل کر رکھا ہے اقوام متحدہ اور امن پسند عالمی قوتوں کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے اور اقوام متحدہ میں کشمیر کلے حوالہ سے جو قراردادیں منظور کی گئی ہیں ان پر عمل کروانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی اس جد وجہد میں ہزاروں کشمیری مسلمانوں نے اپنی جانیں قربان کیں لیکن آج بھی ان میں آزادی کے لئے وہی جذبہ ہے اور پوری پاکستانی قوم انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انشاء اللہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے۔یوم کشمیر کی مناسبت سے پنڈی بھٹیاں،جلاپور بھٹیاں اور سکھیکی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ریلیاں نکالی گئی اور سیمینار منعقد کیے گئے