فنکار قیمتی اثاثہ ہیں ‘ دنیامیں قومی ثقافت اجاگر کر رہے ہیں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کا فنکاروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

February 05, 2020

ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ او رسفیر ہیں جو اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں ۔ حکومت نہ صرف فنکاروں کی صلاحیتوں کااعتراف کرتی ہے بلکہ ان کی فلاح وبہبود او رانہیں معاشرے کا باوقار او رمفید شہری بنانے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ۔ وہ سرگودہا آرٹس کونسل کے کلچرل کمپلیکس میں ڈویژن بھر کے فنکاروں میں محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام آرٹس سپورٹس فنڈز سے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بلال فیروز ‘ ڈائریکٹر انفارمیشن مقبول ملک او راے ڈی محمد خان ہرگن او رثاقب رضا بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرگودہا کی زمین فنکاروں کے اعتبار سے بھی بڑی ذرخیز ہے ۔ ادب ‘ شوبر ‘ فن خطاطی او رہینڈی کرافٹ اور پرفارمنگ آرٹس میں نامور فنکار پیدا کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان فنکاروں کی صلاحیتوں کے اعتراف میں سرگودہا میں سٹیٹ آف آرٹ کلچرل کمپلیکس تعمیر کیا گیا جہاں جلد ہی اصلا حی ڈرامے اور عوام کیلئے رنگارنگ پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سرگودہا آرٹس کونسل کو ہر لحاظ سے مضبوط او رفعال بنایاجائیگا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت فنکاروں کےلئے آرٹس کارڈ کا جلد اجراءکرنے جارہی ہے جس سے مستحق فنکاروں کو ماہانہ امداد فراہم کی جاسکے گی ۔ تقریب میں ڈویژن بھر کے 54 فنکاروں میں مجموعی طو رپر دو لاکھ 70ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے گئے ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے سرگودہا آرٹس کونسل کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آرٹس گیلری میں منعقدہ تصویری نمائش کابھی افتتاح کیا ۔ انہوں نے نمائش کامعائنہ کیا اور اس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔