ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا ہے کہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

February 05, 2020

ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کہا ہے کہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں یکجہتی کشمیر سیمینار سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آر پی او راجہ رفعت مختار،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی لطیف نذر،شکیل شاہد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں آفتاب احمد،فضل ربی چیمہ، عفیفہ شاجیہ،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار،اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول،پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے خالد حیات کموکا،مختلف محکموں کے افسران،اساتذہ،طالب علم،این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈویژنل کمشنر نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ  5 فروری عالمی برادری کو یا دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے - انہوں نے کہا کہ کشمیری عالمی برادری سے یہ سوال پوچھنے کیلئے حق بجانب ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انہیں بنیادی حق سے کیوں محروم رکھا جا رہاہے۔مودی سرکار نے غیر آئینی اورغیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنارکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ  بھارت ریاستی جبر وتشدداورکشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز میں منانے کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کی کاوشوں کو سراہا۔آر پی او اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقاکی جنگ لڑ رہے ہیں اور کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کی ہے اور اس دلیرانہ جدوجہد کی مثال نہیں ملتی۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شبانہ بشانہ کھڑی تھی،ہے اوررہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کیساتھ بھارت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ہر ملکی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کاز کو موثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کے بدترین مظالم بند کرانے کیلئے اپناموثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام سکولوں میں ہر جمعہ کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے اور کشمیری بھائیوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔یکجہتی کشمیر سیمینار کے دوران طالب علموں نے ٹیبلوز کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی منظر کشی کی جبکہ تقاریر میں بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کیا گیا۔ قبل ازیں کمشنر،آرپی او،ڈپٹی کمشنر اور ارکان اسمبلی نے سکولز ایجوکیشن کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم وستم کی عکاسی کی اور کرفیو کا سماں بنا کر کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کا منظر پیش کیا۔