وم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حارجیت کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑی ریلی منعقد ہوئی

February 05, 2020

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حارجیت کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑی ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر عشرت علی،آرپی او راجہ رفعت مختار، ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ارکان اسمبلی شیخ خرم شہزاد، چوہدری لطیف نذر‘شکیل شاہد نے کی۔ ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل ربی چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ وایجوکیشن ڈاکٹر مشتاق سپرا،علی احمد سیان،ڈی ایچ او  ڈاکٹر بلال احمد،ڈی او سپیشل ایجوکیشن چوہدری عبدالحمید،ایف ڈی اے کے افسران کے علاوہ ڈویژنل و ضلعی محکموں کے دیگر افسران‘ این جی اوز کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد کثیر تعداد میں شریک تھے۔ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر خلیق قریشی روڑ سے ہوتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان‘ کشمیر کی آزادی ناگزیر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ہم سب پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سوچ جلد طلوع ہو گا۔کمشنر نے کہا کہ کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ آر پی او نے کہا کہ آزادی کشمیر ناگزیر ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری آزادی سے سرفراز ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ ہیں اور بڑی تعداد میں   سول سوسائٹی کی ریلی میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے کوئی محروم نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بھارتی مظالم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ وہ بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔