ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹ کونسل کے اشتراک سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے تصویری نمائش کا افتتاح ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کیا۔

February 05, 2020

ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد آرٹ کونسل کے اشتراک سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے تصویری نمائش کا افتتاح ڈویژنل کمشنر عشرت علی نے کیا۔آر پی او راجہ رفعت مختار،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ارکان اسمبلی شکیل شاہد،لطیف نذر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز میاں آفتاب احمد،فضل ربی چیمہ،عفیفہ شاجیہ،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار ودیگر موجود تھے۔نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم کی گیلری میں منعقدہ نمائش میں بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم وستم پر مبنی تصاویر بڑی تعداد میں رکھی گئی ہیں۔کمشنر عشرت علی نے نمائش میں رکھی گئی تصاویر کو دیکھتے ہوئے جذباتی انداز میں کہاکہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے اور بھارت کی طرف سے ان کے ساتھ ڈھائے جانے والے ظلم وستم کا درد ہرپاکستانی محسوس کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کی سفارتی واخلاقی امداد جاری رکھیں گے اور انہیں حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور یوم کشمیر کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کی طرف سے اس عزم و عہد کی تجدید کی جارہی ہے کہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی فوج کے ظلم و استبداد کا سختی سے نوٹس لیں اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائیں۔ڈپٹی کمشنر نے آزادی کی قدر ونعمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اورانہیں فتح نصیب ہوگی۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم سے آگاہی کے لئے تصویری نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور نئی نسل کو مسئلہ کشمیر سے بخوبی آگاہ ہونا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ یوم کشمیر کے موقع پر تمام پاکستانی قوم اپنے عزم کو دہرارہی ہے کہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے تاکہ وہ آزادانہ طور پراپنی قسمت کا خود فیصلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر متعدد پروگرامز ترتیب دئیے اور تصویری نمائش کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ ہر پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار نے بتایا کہ نئی نسل کی آگاہی کے لئے بھارتی مظالم کی منظر کشی کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ آرٹس کونسل کے زیر اہتمام موضوعاتی ڈرامہ اور فیچر فلم بھی پیش کی جائے گی۔