صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور تحریک آزادی کشمیرکے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل تک ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی

February 05, 2020

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور تحریک آزادی کشمیرکے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل تک ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمنعقدہ بڑی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان،تحصیل انتظامیہ ودیگر محکموں کے افسران وسٹاف ممبران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں ریلی میں شریک تھے۔ریلی غلہ منڈی سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی واپس اسی مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان،نریندر مودی مردہ بادکے نعرے لگائے جبکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد عالمی مصنفوں کو انصاف کے تقاضے یاد کرانا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے اپنا مثبت کردار اداکریں۔انہوں نے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ظلم وطاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضاء قائم کررکھی ہے اور بھارتی فوج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم وجبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوہر فورم پر اجاگرکیا جارہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کاظلم واستبداد اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ریلی میں شہریوں کی  شرکت کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور ا ظہار ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر یوم یکجہتی کشمیر بھرپور اندز میں منایا جا رہاہے اور ریلی کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔دیگر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کی اور بھارت کے وحشیانہ اقدام پر عالمی اداروں کو فوری نوٹس لینے پر زور دیا۔