ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی، پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا میں کشمیر کا مقدمہ کامیابی سے پیش کیا

February 05, 2020

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی، پاکستان نے گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا میں کشمیر کا مقدمہ کامیابی سے پیش کیا، اقوام متحدہ،  امریکہ سمیت دنیا اب مسئلہ کشمیر بارے پاکستانی موقف پر توجہ دے رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری کے سامنے بھارتی وزیر اعظم مودی اور آر ایس ایس کا نازی چہرہ اور انکے مظالم کو بے نقاب کر دیا، پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ہر روز اپنی انتھک جد وجہد رکھنی ہوگی تاکہ آئندہ سال پانچ فروری کشمیر کی آزادی کے جشن کے طور پر منا رہے ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھمبر میں پاکستان آزاد کشمیر کی سرحد پر باب کشمیر کے مقام پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار خالد محمود، ایم پی ایز چوہدری سلیم سرور جوڑا، میاں اختر حیات،  ایم ایل اے چوہدری علی شان سونی، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سینئر نائب صدر ناصر محمود چھپر و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا، اے سی کھاریاں فیصل عباس مانگٹ، ڈی ایم او فہد اعجاز، سی او ایجوکیشن افضل شاہد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر چوہان صدر بار بھمبر عارف سرفراز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس سے قبل پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی میں شرکت کی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کے لئے ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کا نے کہا کہ کشمیری 73سال سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں تاہم گذشتہ 6 ماہ سے بدترین کرفیو اور کمیونیکیشن لاک ڈاون جاری ہے اور 9 لاکھ بھارتی فوجیوں کے  مظالم عروج پر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خود کو کشمیر کا سفیر ثابت کیا ہے ہر پاکستانی کو ہر وقت اپنے مقام پر رہ کر کشمیر کاز کے لئے لڑنا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کو بتانا ہے وہ تنہا نہیں۔ ایم پی ایز چوہدری سلیم سرور جوڑا،  میاں اختر حیات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ کامیابی سے پیش کیا تاہم عالمی برادری خصوصا مسلم امہ  کیطرف سے صورتحال پر خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ قرار دادوں سے نکل کر مسئلہ کشمیر کے دوسرے حل کے لیے سوچنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار خالد محمود نے کہا کہ کشمیری پاکستان کا حصہ ہیں، پاکستانی عوام کی کشمیریوں اور کشمیر کاز سے وابستگی ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔ ڈپٹی کمشنر بھمبر نے کہا کہ آزاد کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کی بصیرت، پاک فوج اورقبائلی عوام کے شکر گزار ہیں جنکی قربانیوں سے آزاد کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرایا جا سکا، کشمیریوں کی آزادی کے لئے اللہ تعالی کے بعد پاکستانی عوام  سے امید رکھتے ہیں،  پاکستانی عوام اٹھ کھڑے ہوں تو کشمیر کی آزادی کی منزل مزید قریب آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیہ اسے دنیا کے لئے اہمیت کا حامل ہے، سی پیک بڑی طاقتوں کو کھٹک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے اور کشمیر کے دشمنوں سے نمٹنے کیلئے اپنے گھوڑے تیار رکھنا پڑیں گے۔ اس سے قبل تقریب میں پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے پڑھے گئے جبکہ شرکا پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور مودی دہشتگرد کے نعرے لگاتے رہے۔