یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع بھر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں

February 05, 2020

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع بھر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ، سول سوسائٹی کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ محکمہ صحت کے زیر اہتمام ریلی کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، اے ڈی سی جی توقیر الیاس چیمہ، اے سی محمد جمیل اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر کی زیر قیادت میں ڈی سی کمپلکس سے جیل چوک تک مارچ کیا، جبکہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال، ٹی ایچ کیو کھاریاں، سرائے عالمگیر، لالہ موسیٰ اور کنجاہ، سمیت مختلف ہسپتالوں میں بھی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جہاں مقررین نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ میونسپل کارپوریشن گجرات کے زیر اہتمام ریلی کے شرکاء نے چیف آفیسر محمود اقبال گوندل کی قیادت میں مختلف روڈز پر مارچ کیا، انہوں نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ سی ای او ایجوکیشن افضل شاہد کی ہدایت پر مختلف تعلیمی اداروں، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شہزاد منور کی قیادت میں کالجز، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سہیل محمود کی قیادت میں این جی اوز نے، ڈی او ایمرجنسی عمر اکبر گھمن کی قیادت میں ریسکیو1122کے افسران و ملازمین نے ریلی کا انعقاد کیا جن کے شرکاء نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں سے حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے اور کشمیر سے بھارتی فوج کا ناجائز قبضہ، غیر انسانی کرفیو ختم کرایا جائے۔