یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سینٹرل جیل میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ،صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین،ارکان اسمبلی نواب شیر وسیر،لطیف نذر،شکیل شاہد،ڈی آئی جی جیلخانہ جات سعید اللہ گوند

February 05, 2020

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سینٹرل جیل میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ،صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین،ارکان اسمبلی نواب شیر وسیر،لطیف نذر،شکیل شاہد،ڈی آئی جی جیلخانہ جات سعید اللہ گوندل اور سپرنٹنڈنٹ جیل نور حسن بگھیلا کے علاوہ دیگر جیل افسران اور اسیران بھی شریک تھے۔یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے وزیر اعلی پنجاب معائنہ ٹیم محمد اجمل چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی کال پر پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد ان سے بھرپور یکجہتی کا اظہاراور کشمیریوں کی آزادی تک ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھنے کا عزم ہے۔انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم وستم کی انتہا بھی کشمیریوں کی آزادی دبا نہیں سکتی تمام پاکستانی قوم ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سورج اب طلوع ہونے والا ہے۔انہوں نے سینٹرل جیل میں یوم یکجہتی کشمیر کی بڑی تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے کوئی محروم نہیں کر سکتا۔ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھناانسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارتی سرکار گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔ڈی آئی جی جیلخانہ جات نے کہاکہ کشمیری جوان اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت پرمقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کا کھیل بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیے۔انہوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کیا اور کہا کہ آج کے دن کشمیری عوام کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے بہیمانہ مظالم کی پرزور مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیرکے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل تک ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر کشمیرکی آزادی کی دعا بھی کی گئی جس میں اسیران بھی شریک تھے۔